کراچی کے علاقے بہار کالونی میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بہار کالونی میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور مقتول کے دو بچے زخمی ہوئے تھے۔
فوٹیج میں ماسک اور کیپ پہنے ملزم کو اسٹور کے اندر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مقتول کا کم عمر بیٹا ہاتھ جوڑ کر لوگوں سے التجا کرتا رہا کہ والد کو بچایا جائے لیکن فوٹیج میں دیکھا گیا ۔کہ لوگ کاؤنٹر کے پیچھے دیکھ رہے ہیں اور مقتول کی کسی نے مدد نہ کی۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ ملزم گلی میں پیدل داخل ہوا اور فائرنگ کر کے فرار ہو گیا، مقتول نور محمد میڈیکل اسٹور کا مالک تھا، جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔
مقتول نور محمد کے کزن میر واعظ نے میڈیا کو بتایا کہ نور محمد اپنے میڈیکل اسٹور پر دونوں بیٹوں کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا، واقعہ کے وقت علاقے کی لائٹ گئی ہوئی تھی، کہ فائرنگ کر دی گئی، فائرنگ سے نور محمد کے دونوں بیٹے شہزاد اور اسماعیل بھی زخمی ہوئے۔
کزن میر واعظ کے بیان کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے، مقتول کی بیوی رشتہ دار کی شادی میں کوئٹہ گئی ہوئی تھی، اور مقتول کے 5 بچے ہیں، وہ کئی سالوں سے کراچی میں مقیم تھا۔