کراچی : کلفٹن کے ویران گراؤٴنڈ سے لاپتہ ہونے والے اسٹیٹ ایجنٹ کی لاش مل گئی، نامعلوم ملزمان نے مقتول سید مہتاب کو گلا دبا کر قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہفتے کو لاپتہ ہونے والے سید مہتاب کی لاش کلفٹن بلاک ون کے ویران مقام سے مل گئی۔
مقتول منظور کالونی کا رہائشی اور اسٹیٹ ایجنٹ تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے سید مہتاب کو گلا دبا کر قتل کیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن عرفان میو نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ نے واقعاتی شواہد جمع کرلئے ہیں، مقتول کے پاس سے اس کا قومی شناختی کارڈ موبائل فون ،گھڑی اور اس کا پرس سمیت دیگر قیمتی چیزیں مل گئی ہیں۔
پوسٹمارٹم کے بعد مقتول سید مہتاب کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔
۔ بوٹ بیسن پولیس نے پیسوں کے لین دین ذاتی دشمنی سمیت دیگر پہلووں پرتحقیقات شروع کردی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے جیو فینسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کریں گے۔