شہرِقائد میں روٹی کی نئی قیمت مقرر کردی گئی، کمشنر کراچی کی جانب سے روٹی کی نئی قیمت کا اعلان کردیا گیا۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ شہر میں 100 گرام چپاتی کی قیمت 12 روپے ہی رہے گی، اس کے علاوہ 120 گرام تندوری نان کی قیمت 16 روپے مقررکردی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں 140 سے 150 گرام تندوری نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 180 گرام تندوری نان کی قیمت 25 روپے ہوگی۔
دریں اثنا کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا، فائن آٹے کی ریٹیل قیمت میں 25 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔
فائن آٹے کی نئی سرکاری ایکس مل قیمت 92 روپے فی کلو ہوگی، فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 95 جبکہ ریٹیل قیمت 100 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کی گئی، چکی آٹے کی قیمت 115 روپے فی کلو رکھی گئی ہے، ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت میں 3 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 88 اور ہول سیل قیمت 91 روپے فی کلو ہوگی، ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل سطح پر قیمت 95 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔