کراچی: محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی میں گھر سے نئی نویلی دلہن کی لاش ملنے کے واقعے میں پولیس نے متوفیہ کی موت کی ممکنہ وجہ بتا دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ متوفیہ کی 3 روز قبل شادی ہوئی تھی لیکن جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے، لواحقین کا بیان ہے کہ متوفیہ کو سانس کا عارضہ تھا۔
دلہن کے لواحقین نے پولیس حکام کو بتایا کہ متوفیہ کو اکثر دورے پڑنے کی شکایت بھی رہتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کے اگلے روز دلہا دلہن کی لاشیں برآمد
شوہر نے بتایا کہ متوفیہ کو گزشتہ شب بھی سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، صبح اٹھ کر دیکھا تو اہلیہ کا جسم اکڑ چکا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شبہ ہے کہ رات کے کسی پہر موت واقع ہوئی، متوفیہ اور شوہر کی دوسری شادی تھی، لیڈی ایم ایل او کے آنے پر پوسٹ مارٹم ہوگا۔
گزشتہ سال مئی میں لاہور میں گھر سے نئی نویلی دلہن کی لاش برآمد ہوئی تھی جبکہ پولیس نے خاوند سلیمان کو حراست میں لیا تھا۔
پولیس نے واقعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ خاتون کی 10 روز قبل سے شادی ہوئی تھی، سلیمان پہلے سے شادی شدہ تھا لیکن خاتون کو نہیں بتایا تھا، خاتون نے اہلخانہ کو فون پر بتایا کہ سلیمان نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
حکام نے مزید کہا تھا کہ صبح خاتون کی اس کے فلیٹ سے لاش ملی تاہم خاتون کے خاوند سلیمان کو حراست میں لے لیا۔