کراچی: شہر قائد کے علاقے اختر کالونی میں سگنل پر ٹینکر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اختر کالونی میں سگنل پر کھڑے موٹر سائیکل سوار نوجوان بے قابو ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ ذیشان، 22 سالہ حسنین اور 12 سالہ سدرہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جو کہ گلشن اقبال کی واٹر بورڈ کالونی کے رہائشی تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔
ادھر کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں خاتون کی پھندا لگی نعش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد واقعہ خودکشی کا شاخسانہ قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے کریم آباد میں واٹر ٹینکر بس کے انتظار میں کھڑے راہگیروں پر چڑھ گیا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔