کراچی: شہر قائد کے علاقے گارڈن میں عمارت دراڑیں پڑنے پر خالی کرالی گئی، مخدوش عمارت کے مکینوں نے عمارت کے چسپاں سیل آرڈرز پھاڑ دئیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن عثمان آباد میں پولیس نے عمارت دراڑیں پڑنے پر خالی کرالی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) افسران نے عمارت کا دورہ کرکے اسے ناقابل رہائش قرار دیا تھا۔
مخدوش عمارت کے مکینوں نے عمارت کے چسپاں سیل آرڈرز پھاڑ دئیے، رہائشی عمارت 5 فلور پر مشتمل ہے، ہر فلور پر 2 فلیٹس بنے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمارت 2014 میں تعمیر کی گئی تھی، بلڈر نے مالکانہ حقوق پر فلیٹس فروخت کیے تھے، مخدوش قرار دی گئی عمارت میں 10 خاندان مقیم ہیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے عمارت تعمیر کرنے والے بلڈر اقبال کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم بلڈر اقبال اور بیٹا عمران گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں: مظفر گڑھ، تین منزلہ عمارت گر گئی، 8 افراد جاں بحق
متاثرہ عمارت کی بجلی اور سوئی گیس کے کنکشن بھی منقطع کردئیے گئے ہیں جبکہ پولیس نے عمارت کے مکینوں کو بلڈر کے خلاف مقدمے کے اندراج کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں تین منزلہ عمارت گرگئی تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں 6 منزلہ مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی تھی، عمارت سے تمام افراد کو پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔