کراچی : بفرزون میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے دس سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں دفعہ 320 شامل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفر زون میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر دس سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقدمہ تھانہ تیموریہ میں متوفی صائم کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ مدعی کا بیٹا واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا، ٹینکر فیکٹری میں پانی فراہم کرنے آیا تھا۔
مقدمہ میں دفعہ تین سو بیس شامل کی گئی ہے اور پولیس نے ڈرائیور کو باقاعدہ طور پر گرفتار کرلیا۔
بچے کے تایا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچہ فلٹرپلانٹ سےپانی بھرنے گیا تھا ٹینکر سے نہیں، فلٹر پلانٹ کے قریب موجود ٹینکر نے بچے کو کچل دیا، پابندی کے باوجود واٹر ٹینکرز کو روکنے والا کوئی نہیں، جاں بحق صائم 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔
متوفی بچے کے تایا کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر دن کے اوقات میں بھی رہائشی علاقوں میں دندناتے پھرتے ہیں، جو حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔
متوفی صائم کے نانا نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
گذشتہ روز کے بی آر سوسائٹی میں واٹر فلٹرپلانٹ سے پانی لیکر نکلنے والا صائم واٹر ٹینکر کی زد میں آکرموقع پرجاں بحق ہوگیا تھا، اہل علاقہ نے واٹر ٹینکر ڈرائیور پر تشدد کیا اور ٹینکر کے شیشے توڑ دیے تھے۔
واضح رہے رواں سال شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک ایک سو تئیس افراد ٙٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔