کراچی : لیاری موسیٰ لین میں ہوائی فائرنگ سے ڈھائی سالہ بچی کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں گرفتار ملزم آفتاب سمیت سات نامزد اور دیگر ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں ہوائی فائرنگ سے بچی کی ہلاکت کے معاملے پر ڈاکس پولیس اسٹیشن میں پہلامقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں گرفتار ملزم آفتاب سمیت سات نامزد اور دیگر ملزمان کو شامل کیا گیا ہے، جو شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ میں ملوث ہیں۔
ملزمان میں اظہر باجوہ، کامران ملک، علی اقبال بہاری، ساجد ریاض، واحد ریاض، وحید اور دیگر چار نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ بچی کے قتل کا مقدمہ بغدادی پولیس اسٹیشن میں الگ درج کیا جائے گا، شادی کی تقریب میں فائرنگ ڈاکس پولیس اسٹیشن کے باہرکی جاتی رہی ۔
مزید پڑھیں : گھر میں کھیلتی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق، دولہا گرفتار
حکام کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ میں ایس ایم جی، نائن ایم ایم اور تیس بور کے ہتھیار استعمال ہوئے ہیں، پولیس گولیوں کے لاتعداد خول برآمد کرچکی ہے۔
پولیس بتایا کہ دلہا آفتاب احمد پولیس اہلکار ہے اور کراچی پولیس آفس میں تعینات ہے، فائرنگ کے مقام اور بچی کی ہلاکت کا جائے وقوعہ تقریباً ایک کلومیٹر فاصلے رکھتا ہے۔
حکام کے مطابق بچی اہلخانہ نےتاحال مقدمہ درج کرانےسے متعلق پولیس سے رابطہ نہیں کیا تاہم ڈھائی سالہ بچی حیا فاطمہ کی لاش ضابطہ کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔