شہر قائد میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں برائلر مرغی کا گوشت غریب کی پہنچ سے دور ہوگئی کیونکہ قیمتوں میں من مانا اضافہ ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک کلو چکن 400 سے 450 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
شہریوں نے صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت کم کرنے کی اپیل کی اور مصنوعی طریقے سے قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولٹری فارمز سے مرغی مہنگے داموں فراہم کی جارہی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا، عوام اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں اس لیے وہ دکانداروں کو قصور وار سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں بھی مرغی اور اُس کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگے ہوئے ہیں، ان دنوں وہاں فی کلو گوشت 360 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شادی سیزن کی وجہ سے مرغی کی طلب بڑھ گئی ہے، اسی وجہ سے قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا گیا ہے۔