کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں 3 سال کا بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا جس کی فوٹیج سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز مواچھ گوٹھ کے نورشاہ محلے میں کھلے گٹر میں گرنے سے ایک معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا، اطلاع ملنے پر مقامی افراد نے لاش گٹر سے نکالی، تاہم بدقسمتی سے بچہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
اب اس افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں مواچھ گوٹھ کے رہائشی 3 سالہ عبدالرحمان کو جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ مین ہول کی طرف پہنچتے وقت کسی اور جانب دیکھ رہا تھا، بے دھیانی کی وجہ سے بچہ مین ہول میں گر گیا۔
خیال رہے کہ اس واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ مین ہول پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے بچہ کھیلتا ہوا گٹر میں گرا۔