تازہ ترین

8 سالہ شاکر کا قتل، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی این اے کیا جائے گا

کراچی: پولیس نے کراچی کے علاقے عمر ماروی گوٹھ، قائد آباد میں 8 سالہ بچے شاکر حسین کے قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جرم کے تعین کے لیے ملزم کا ڈی این اے کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے شاہ لطیف تھانے کی حدود میں بچے کے قتل کے معاملے میں میر بالاج نامی ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اسے اہل محلہ نے لاش کے ساتھ دیکھ کر لائبریری میں بند کر دیا تھا۔

پولیس کا میر بالاج کو مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ اس کا ڈی این اے کرایا جائے گا، نیز، پولیس نے اس کیس میں 18 گیر مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

گھر سے روٹی لینے نکلنے والے بچے کے ساتھ دردناک واقعہ، لاش لائبریری سے برآمد

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے، جب کہ مرکزی ملزم میر بالاج کو رنگے ہاتھوں لائبریری سے پکڑا گیا تھا، بالاج کو اہل محلہ نے بچے کی لاش دیکھ کر لائبریری میں بند کر دیا تھا اور وہ مقتول بچے کا پڑوسی بھی ہے۔

Comments