کراچی: نیب نے لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی کو چائنا کٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ فرید احمد یوسفانی بلڈرز اور قبضہ مافیا کیلئے سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہے ، فرید یوسفانی نے گلستان جوہر اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں کی زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے کئی سابق ایڈمنسٹریٹرز، کے ڈی اے اور ریونیو افسران کے غیرقانونی قبضے میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے اور قبضوں کی فروخت کے ذریعے حاصل پیسے سے دہشت گردوں کی فنڈنگ کی جاتی تھی۔
کرپشن اور لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے نیب کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ایکسپریس وے پروجیکٹ، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بے نظیرلوکاسٹ ہاؤسنگ اسکیم کے متعدد افسران کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔