کراچی شارع قائدین پر تیز رفتاری کے باعث ایک اور جان چلی گئی، گذشتہ صبح حادثے کا شکار ہونے والا ڈی ایم سی کا سینٹری ورکر زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور شہری جان لیوا حادثے میں اپنی زندگی گنوا بیٹھا، شاہراہ قائدین پر گزشتہ روز کار کی ٹکر سے زخمی شہری اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف قتل بالسبب کے تحت مقدمہ درج کر لیا، مقدمے کے متن کے مطابق جاں بحق سردار مسیح ڈی ایم سی پٹیل پاڑہ کا سینٹری ورکر تھا۔
بیٹے کا کہنا ہے کہ شاہراہ قائدین سگنل پر میرے والد موٹر سائیکل پر جارہے تھے، تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری اور کار سمیت فرار ہوگیا، ساتھی ورکر نے ایمبولینس کے ذریعے والد کو اسپتال منتقل کیا۔
بیٹے نے پولیس کو مزید بتایا کہ اسپتال میں والد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم کار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں نئے سال کے صرف 10 دنوں میں مختلف حادثات میں 22 افراد جان سے گئے جبکہ261 زخمی ہوئِے۔
نئے سال کے ان 10 دنوں میں ٹینکر کی ٹکر سے 5 افراد، ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر کی ٹکر سے 2 افراد جبکہ بسوں کی ٹکر سے 3 افراد جان سے گئے۔