تازہ ترین

کراچی: مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں، ایک شخص جاں بحق، متعدد گاڑیاں نذر آتش

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مشتعل مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں جھڑپوں کے دوران ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، اسٹار گیٹ شارع فیصل پر مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شہری کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے شخص حیدر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر بلدیہ حب ریور روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پتھراؤ سے ڈی ایس پی پاک کالونی کی موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔

ایسٹ زون میں ہنگامہ آرائی کے پانچ مقدمات درج کرلیے گئے، تمام مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں نظام زندگی ملفوج ہے، سڑکوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ملک بھر میں نیشنل ہائی ویز اور موٹروے سمیت سیکڑوں مقامات بند ہیں۔

احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہونے سے مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے، ملک بھر میں مفلوج صورت حال کے باعث ایمبولینس سروس بھی تعطل کا شکار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کے متعدد واقعات میں سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا، پولیس موبائل جلائی گئیں اور اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، احتجاج میں 300 سے زائد پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک پولیس افسر شہید ہوگیا۔

Comments