جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

وزیر اعلیٰ سندھ کی بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ صورتحال پربریفنگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ پیش ہونے والے بجٹ پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے زوردیا کہ امن امان کی صورتحال حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور سکیورٹی میں موجود کسی بھی خلا کو پر کیا جائے۔

دہشت گرد عناصر کو روکنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید فعال بنایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک میں دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔

اس لیے قوال امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغواء سمیت کراچی میں دہشتگردی کے واقعات امن امان کے حوالے سے معمولی نہیں۔

اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مناسب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی فنڈنگ صوبائی وسائل سے کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کچھ وفاقی وزراء نیشنل ایکشن پلان کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے کی سطح تک الگ تشریح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی وزراء سندھ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کوامن و امان کی صورتحال سے منسلک کرکے پیپلزپارٹی کی حکومت پر الزام لگا رہے ہیں، جبکہ دیگر صوبوں میں پیش آنے والے اس طرح کے مجرمانہ واقعات کودہشتگردی کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قانون کے نفاذ اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کی کمی کی وجہ سے صوبائی حکومت کو صورتحال کا سامنا کرنے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت قانون نافذ کرنے والی مشینری کے تعاون سے دہشتگردی اور ان کے سرپرستوں کو شکست دینے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کرے گی۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں