کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے سردی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 12 جنوری سے ٹھنڈ میں پھر اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے گلگت بلتستان تک سخت سردی کی لہر جاری ہے، خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں برفباری اور یخ بستہ ہواؤں نےٹھنڈ بڑھا دی ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی موسم شدید سرد ہے۔
کراچی میں رات بھر سرد ہواؤں کا راج رہا اور پارہ آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، موسم کاحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج سے سردی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ہے تاہم بارہ جنوری سے ٹھنڈ میں پھر اضافہ ہوگا.
اگر درجہ حرارت کی بات کی جائے تو سوات کی وادی کالام میں درجہ حرارت منفی نو تک ہوگیا ہے۔
قلات، استور میں منفی آٹھ، کوئٹہ ،زیارت منفی سات، اسکردو ، چترال اورہنزہ میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں : کراچی میں شدید سردی سے 63 افراد کے مرنے کا انکشاف
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، کالام، دیر، چترال اور سوات میں آج بھی موسم شدید سرد رہے گا اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے علاقوں میں صبح دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
خیال رہے کراچی میں دسمبر سے اب تک مختلف مقامات سے تریسٹھ لاشیں ملیں ہیں ، مرنے والوں میں خاتون بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ادارے کا کہنا تھا کہ مرنےوالے افراد نشے کے عادی تھے جوسردی برداشت نہ کرسکے کسی کے پاس خود کو سردی سے بچانے کا کوئی انتظام نہیں تھا.