کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہو گئی ہیں، کراچی پولیس چیف نے بھی چند دن قبل وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 3 میں کوریئر کمپنی کے ملازم کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی۔
فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو نے ملازم کو روکا، اور ا سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔
گزشتہ روز کراچی شہر میں ڈاکو راج نظر آیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں ہوئیں، خواتین بھی اب اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہیں۔
فیروز آباد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، شہری بینک سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر روکا اور رقم چھین لی۔
بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک اور شہری سے بھی واردات ہوئی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین کو لوٹا گیا، ڈاکو مبینہ طور پر 3 لاکھ 50 ہزار کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔
ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر لٹیروں نے خاتون سے زیورات اتروا لیے، تینوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔