کراچی : دو روز قبل کورنگی میں منیب نامی نوجوان کے قتل کی واردات پر پولیس نے دونوں ملزمان کی شناخت کرلی، ملزمان نے منیب کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا، ملزم ٹک ٹاک کا بھی شوقین ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے موبائل فون چھین کر بھی نوجوان کو قتل کر دیا تھا جس کا ڈراپ سین ہوگیا۔
پولیس واقعے کی باریک بینی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کرتے ہوئے اصل ملزمان تک پہنچ گئی، فائرنگ اور قتل میں ملوث دونوں ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم شاہ رخ اور موٹرسائیکل چلانے والا ملزم نعمان ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد اس مین نظر آنے والا ملزم نعمان گرفتار ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم شاہ رخ کورنگی اور نعمان لانڈھی کا رہائشی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے منیب کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا، اس کے علاوہ ملزم شاہ رخ کی ٹک ٹاک کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی، جس میں ملزم کو ٹک ٹاک ویڈیو میں شراب کے ساتھ دیکھاجاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں موبائل فون لے کر نوجوان کو قتل کردیا گیا
واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، ملزمان چند روپوں اور موبائل فون کے لیے شہریوں کو قیمتی جانوں سے محروم کردیتے ہیں۔