کراچی : سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا شدت پسند گرفتار کرلیا، سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے شہری سے 10لاکھ روپے چھین لیے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم نے کراچی کے علاقے تیموریہ میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے شدت پسند کو گرفتار کرلیا جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے متعدد انکشافات کیے۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عماد عرف ٹی ٹو نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم عماد نے دوران تفتیش فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا اعتراف کیا۔
ملزم سال2012 میں فرحت عباس زیدی کے گروہ میں شامل ہوا، ملزم عماد نے گلشن اقبال اور اسکاؤٹ کالونی میں مدرسے کے4 طلبہ کو قتل کیا، اس کے علاوہ پیپلزچورنگی کے قریب مذہبی جماعت کے رکن کو بھی قتل کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم عماد نے نے رضویہ میں مخالف جماعت کے رکن کی دکان پر فائرنگ کرکے اسے قتل کیااور پیپلز چورنگی کے قریب فائرنگ کرکے ایک پیش امام کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم قتل، پولیس مقابلے اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں شہری سے مبینہ 10لاکھ روپے لوٹ لئے گئے، متاثرہ شہری بہرام خان کورنگی کارہائشی ہے، شہری نے واقعےسے متعلق پولیس سے رابطہ کیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کا یہ واقعہ سہراب گوٹھ براق پمپ کے قریب پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری بینک سے رقم نکلوا کر جارہا تھاکہ ملزمان نے تعاقب کرکے اسے لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، متاثرہ شہری نے فوری طور پر15 پر اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ میں محمودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سراج عرف پٹنی قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ دوسرا ملزم یوسف عادی جرائم پیشہ ہے جو پہلے بھی گرفتارہوچکا ہے، دونوں ملزمان سے2بغیرلائسنس ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔