کراچی : نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دم توڑ گئی، یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیریاں جاری ہیں، کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں انڈا موڑ پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی۔
مبینہ مقابلے کے عینی شاہد نیازعالم کا کہنا ہے کہ دو ملزمان ایک لڑکی سے لوٹ مار کررہے تھے کہ لڑکی کے شورمچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔
اس دوران شاہراہ نورجہاں پولیس پہنچی اور ملزمان پر فائرنگ کردی، جس سے زخمی ہوکر دونوں ڈکیت گرگئے عینی شاہد کے مطابق پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑا اور موبائل میں ڈال کر لے گئے۔
موقع پر موجود لوگوں نے زخمی لڑکی کو رکشے میں ڈال کرقریبی اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں طبی امداد کے دوران مذکورہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
علاوہ ازیں یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں، جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا، دونوں مقتولین کی میتیں ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔