کراچی : جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ میں سی ٹی ڈی پولیس سے مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا، ملزمان نے چار روز قبل ایک پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ میں سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے چھاپہ مارا گیا، جہاں ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ جوابی فائرنگ میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت سہیل بلوچ عرف شوٹر اور سرفراز عرف کالا کے ناموں سے ہوئی۔
انچارج سی ٹی راجہ عمر خطاب کے مطابق ہلاک ملزمان نے چار روز قبل سی ٹی ڈی پولیس اہلکار شہاب حیدر کو قتل کیا تھا، ملزمان عادی جرائم پیشہ اور منشیات فروش تھے، جو رات کے وقت جہانگیر روڈ سے گزرنے والے افراد کو بھی لوٹتے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ شہاب حیدر کے قتل میں استعمال ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، شاہ فیصل کالونی اور الفلاح پولیس نے رات گئے ناتھا خان گوٹھ سے دس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا۔
ماڑی پولیس نے بھی کارروائی میں لیاری گینگ وار کے کارندے شاہجہاں عرف بھورا کو گرفتارکرلیا جبکہ پیر آباد پولیس نے بھتہ خور شیخ محمد اکبر کو رقم اور اسلحہ کے ساتھ گرفتار دھرلیا ہے۔