کراچی: شہر قائد میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے،ملزمان میں محسن الرحمان اور بابر الدین شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ 2014 میں گولیمار میں ٹریفک اہلکار کو فائرنگ کر کے قتل کیا،پاپوش نگر میں شاہد نامی پولیس اہلکار کو ٹارگٹ بنایا۔
سی ٹی ڈی انچارج علی رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان خاتون سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں،گرفتار ملزمان قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے کارکنان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے،مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،5 دہشت گرد گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے گولیمار میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے 2 کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کیا تھا۔