کراچی: حب سے کراچی منشیات لانے کا ایک انوکھا طریقہ سامنے آیا ہے، منشیات فروش موٹر سائیکل سیٹ میں چھپا کر اسمگلنگ کرنے لگے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بن قاسم پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو 5 کلو منشیات سمیت گرفتار کیا ہے، یہ ملزمان موٹر سائیکل کی سیٹ کے اندر منشیات چھپا کر کراچی لا رہے تھے۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزمان منشیات کی موٹر سائیکل سمیت ڈیلوری دیتے ہیں، ساکران چیکو باغ سے منشیات لاکر کراچی شہر میں فروخت کر دیتے ہیں۔
بن قاسم پولیس نے شک کے تحت ایک موٹر سائیکل کو روکا تو تلاشی کے دوران اس کی سیٹ کے نیچے سے چرس برآمد ہو گئی، جس کا وزن 5600 گرام تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد عرف شدو اور عارف کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان بلوچستان کے علاقے ساکران سے چرس لا کر کراچی میں فروخت کرتے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔