کراچی : سہراب گوٹھ میں ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا اور واقعے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئے دن بڑھتے ٹریفک حادثات کے باعث شہریوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔
تین حادثات میں دو خواتین سمیت تین افراد جان کی بازی ہارگئے، ٹریفک حادثات سپر ہائی وے اور ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب پیش آئے۔
کراچی سہراب گوٹھ پنجاب اڈا کے قریب ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا، مقتولہ کی شناخت شاہدہ کے نام سے ہوئی تاہم واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا ، پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طورپرڈمپر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور حادثے کے بعد ٹریفک کانظام متاثر بھی متاثررہا۔
دوسری جانب ماڑی پور روڈ پر رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب تیز رفتارگاڑی نے خاتون کو ٹکر ماردی، سڑک عبور کرتی خاتون موقع پرہی دم توڑ گئی تاہم لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
تیسرے واقعے میں گلشن معمارموڑکے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے علاقہ سہراب گوٹھ اور سپر ہائی پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون کے جاں بحق ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شہر قائد میں ہیوی ٹریفک حادثات بے قابو ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کراچی میں بے ہنگم ٹریفک کا نظام اور ڈرائیوروں کی غفلت نے سڑکوں پر سفر شہریوں کے لئے موت کا سفر بنادیا ہے۔
یکم جنوری سے اب تک ڈکیتی مزاحمت، ہوائی فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں 40 سے زائد اموات ہوئی جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔