شہرقائد میں بارش برسانے والے بادلوں نے انٹری دیدی، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل برسے جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سرجانی ٹاؤن، نیوکراچی اور گلشن معمار میں بارش اور بوندا باندی ہوئی۔
اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ بادلوں کی گرج چمک بھی دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ہے، رات گئے شہرقائد میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش متوقع ہے۔
گرمی کے ستائے اہل کراچی کیلیے خوشخبری، بارش کی نوید سنا دی گئی
دریں اثنا کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، زلزلے کی شدت 2.6، گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلہ ملیر کے جنوب مشرق سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ریکارڈ ہوا، زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور قائدآباد میں بھی محسوس کیے گئے۔