حیدرآباد : کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، بوگی میں اچانک آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا، ٹرین کو اڈیرو لعل اسٹیشن پر روک کر مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہورجانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر ایک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعہ اڈیرولال اسٹیشن کے قریب پیش آیا، صورتحال دیکھ کر مسافروں نے چیخ و پکار شروع کردی۔
ٹرین کے ڈرائیور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کراچی ایکسپریس کو اڈیرو لعل اسٹیشن پر روک دیا جس کے بعد مسافروں کو ٹرین سے بحفاظت اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایکسپریس کی بوگی کے پہیے جام ہونے سے چنگاریاں نکلی تھیں، دھواں نکلنے کی وجہ سے کراچی ایکسپریس کو روک لیا گیا۔
ٹرین کے عملے نے ابتدائی طور پر پانی ڈال کر پہیے اور بریکس کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں کیں، قریبی اسٹیشن سے ریسکیو ٹیم پہنچی، کراچی ایکسپریس کی خرابی دور5 کرکے پانچ گھنٹے بعد ریلوے حکام کے جانب سے کلیئرنس ملنے پر ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔
ایس ایس پی مٹیاری آصف بگھیو بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئے اور ریلوےعملے سےتفصیلات معلوم کیں، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ کراچی ایکسپریس میں کوئی تکنیکی عملہ بھی نہیں ہے، ٹرینوں کے کیرج اسٹاف کو ایک سال پہلے ہی ٹرینوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔
کیریج اسٹاف کی ڈیوٹی تھی کہ وہ راستے میں ٹرین میں پیدا ہونے والی خرابیاں دور کرتا تھا، گزشتہ دنوں حادثے کا شکار ہونے والی تیز گام میں بھی کوئی کیریج اسٹاف موجود نہیں تھا