کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی خاندان اجاڑ دئیے، فیکٹری میں لگنے والی آگ میں انتظامیہ کی غفلت تھی یا پھر آگ کیسے لگی پولیس نے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کورنگی میں فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے، جن میں ایک نوجوان کی شادی دو ماہ پہلے ہی ہوئی تھی، نئی نویلی دلہن پر شوہر کی میت گھر پہنچنے پر سکتہ طاری ہوگیا۔
دوسری جانب طویل عرصے سے بیروزگار ایک نوجوان کی نوکری پندرہ روز قبل ہوئی فیکٹری میں لگی تھی اور اس خوفناک آگ نے اس کی زندگی کا چراغ بھی بجھا دیا۔
واضح رہے کہ آج صبح دس بجے کے قریب کورنگی مہران ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ نے تباہی پھیلادی، سانحہ میں دو سگے بھائیوں سمیت 16مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کو بار بار کال کی گئیں پھر بھی وہ تاخیر سے پہنچے جس سے آگ مزید بھڑکی اور جانی نقصان ہوا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فیکڑی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جبکہ فیکٹری کی چھت تک جانے والے دروازوں پر تالے تھے، فیکٹری میں پھنسے مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل سے چپلوں کو جوڑا جاتا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جاں بحق ہونےھ والے مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مالی مدد کرنے اور زخمیوں کی علاج کرانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔