کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس خیابانِ جانباز کے قریب گاڑی پر فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جانباز میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا اور 2 بچوں کا باپ مقتول ہمایوں جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقتول سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا، ملزم فہد وہاں آیا اور مقتول سے جھگڑا کیا، دوستوں نے فہد اور مقتول ہمایوں میں بچاؤ کرایا۔
’’ لیکن پھر جب ہمایوں اپنے دوست کے ساتھ اپنی گاڑی میں گھر جانے کے لئے نکلا تو ملزم فہد مقتول کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے گھر تک آگیا، ہمایوں کو ملزم فہد نے گاڑی سے اتار کر متعدد گولیاں ماریں ‘‘۔
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 15 سے زائد خول ملے ہیں جبکہ مقتول کی گاڑی کے پچھلے حصے اور شیشے پر متعدد گولیوں کے نشانات ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا دوست حمام جاوید واقعے کا عینی شاہد ہے، مقتول اور ملزم میں جھگڑا کس معاملے پر تھا تحقیقات کررہے ہیں، مقتول ہمایوں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا، 2 بچوں کا باپ تھا۔