کراچی: شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ڈکیتی کا انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں اسٹریٹ کرملنز کے ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں کے ساتھ مل کر وارداتیں کرنے والی خواتین کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں خاتون ڈاکو کو ساتھیوں کے ساتھ تاجر کو لوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان شہری سے لوٹ مار کررہے ہیں، ملزمان کے گروہ کو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں واردات گزشتہ رات رپورٹ ہوئی تھی، خواتین پر مشتمل 4 رکنی گروہ نے واردات کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا یہ گروہ خواتین کو اس لیے ساتھ بٹھاتا ہے تاکہ ان کو اسنیپ چیکنگ کے دوران روکا نہ جاسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب ملیر سٹی سے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے، خاتون ملیر سٹی اور اطراف میں منشیات کی سپلائی کرتی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر پہلے بھی جیل کاٹ چکی ہے۔