کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم مزید تبدیل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا شہر میں آج سےکوئٹہ کی ٹھنڈی ٹھار ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے کوئٹہ کی ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی، سرد ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے دن کے اوقات میں بھی ٹھنڈ محسوس کی جائے گی، 4 سے 5 روز تک رات میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہے جبکہ شمالی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش
دوسری جانب صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا، گلشن معمار، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، نمائش چورنگی پر بوندا باندی ہوئی۔
فیڈرل بی ایریا، ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، اسکیم تینتیس اور سرجانی میں بھی ہلکی بارش ہوئی جس سے ویک اینڈ کا مزہ دوبالا ہوگیا۔
وادی کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ خانوزئی،کان مہترزئی،زیارت سمیت متعدد اضلاع پر برف کی چادر پھیل گئی، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش بھی جاری ہے۔