کراچی : کورنگی کریک بورنگ کے دوران لگنے والی آگ خود ہی بجھ گئی اور پانی ابلنا بھی بند ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کریک بورنگ کےدوران لگنےوالی آگ خودہی بجھ گئی ، چیف فائرآفیسرہمایوں نے کہا کہ آگ کےمقام سےپانی ابلنابھی بندہوگیاہے، صبح گڑھےاوراطراف میں موجود پانی کو ہٹایا جائے گا۔
سی سی اوکورنگی کریک کنٹومنٹ بورڈ نے بتایا کہ پی پی ایل ٹیم نےجائے وقوع پر مکمل جانچ کی، ٹیم نےگیس کےاخراج کی ابتدائی جانچ بھی کی، پی پی ایل نے ابتدائی جانچ کی رپورٹ بنالی۔
پاکستان پٹرولئیم لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ میٹر ریڈنگ میں اس جگہ سے گیس کا اخراج ریکارڈ نہیں ہوا، ابتدائی جانچ میں ہائیڈوسلفائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ کا اخراج نہیں پایا گیا۔
پی پی ایل نے کہا کہ کورنگی کریک میں مسلسل 28 روز اس مقام پر آگ جلتی رہی ، اب اس جگہ پر 28 روز بعد آگ ہے نہ ہی گیس کی بدبو۔
کمپنی کے ایم ڈی نے بتایا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے 2 مراحل پر مشتمل ایکشن پلان تیار کرلیا گیا، آگ لگنےکی وجوہات جاننےکےلئےعالمی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ،پی پی ایل
ترجمان کا کہنا تھا کہ ماہرین مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے سفارشات بھی تجویز کریں گے، پہلےمرحلےمیں زمین کے اوپر حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی اور پمپنگ آپریشنز کے تفصیلی جائزے کے بعد لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ دوسرےمرحلے میں متعلقہ جگہ کی کھدائی کاعمل شروع کیا جائے گا، ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ جگہ کی کھدائی کی جائے گی اور کھدائی کے ذریعے نیچے کے لیول سے گیس کا بہاؤ بند کیا جائے گا۔