کراچی : طارق روڈ پر واقع شاپنگ مال میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے طارق روڈ پر واقع شاپنگ مال میں رات گئے ڈاکوؤں نے مال میں داخل ہوکر ڈکیتی کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی پر موجود گارڈز نے جواں مردی کا مظاہرہ کرے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے ایک چوکیدار جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان دوسرے چوکیدار کو زخمی کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھ سے سات ملزمان ڈکیتی کی غرض سے شاپنگ مال میں بیت الخلاء کی چھت توڑ کر داخل ہوئے اور دو چوکیداروں کو رسی سے باندھ کر مال شاپنگ مال کی پہلی منزل پر گئے۔
پولیس کے مطابق مال میں موجود گارڈز سے ڈکیتوں کو دیکھ کر مزاحمت کی جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے نور زاہد نامی چوکیدار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
کراچی پولیس کا مؤقف ہے کہ واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے مزید تحقیقات کے لیے مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکالنے کی کوشش کرریے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں فائرنگ : ایک شخص جاں بحق دو زخمی، قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار
خیال رہے کہ رات گئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن الٰہی محلہ میں فائرنگ کا ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا، نامعلوم افراد نے تنور پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے، جاں بحق شخص کی شناخت نورالبشر اور زخمی شخص کی شناخت کی عبداللہ کےنام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب بلوچ کالونی پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا تھا، جسے پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔