کراچی: شہر قائد کے علاقے نیپا پل پر نامعلوم کار سوار اور اس کے گارڈ کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ میں ملوث گارڈ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیپا پل پر کار سوار ملزم اور گارڈ کی فائرنگ کا واقعہ موٹر سائیکل اور کار میں ٹکر کے بعد پیش آیا تھا، پولیس نے گارڈ کو گرفتار کرکے زخمی نوجوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کار سوار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے بعد موٹر سائیکل سوار اور شہریوں نے کار سوار کو روکنے کی کوشش کی جس کے دوران ڈبل کیبن گاڑی بھی کار سوار کی مدد کے لیے پیچھے سے آپہنچی۔
اس دوران کار سوار اور گارڈز نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے اور کار سوار ملزم گارڈز کے ہمراہ ڈبل کیبن گاڑی میں فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور تحقیقاتی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا اور گولیوں کے 14 خول تحویل میں لیے۔
فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ زخمی نوجوان محمد عاشر کی مدعیت میں تھانہ عزیز بھٹی میں اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔
مدعی کا کہنا ہے کہ دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھا تھا، موٹر سائیکل گرنے کی آواز آئی، حادثہ دیکھا تو مدد کے لیے گئے، موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والی کار کم عمر لڑکا چلا رہا تھا، ڈرائیور کے گن مین اور شہریوں کے درمیان بحث و مباحثہ ہوتا رہا۔
زخمی نوجوان کے مطابق گن مین نے اسلحے سے لوگوں کو خوفزدہ کرنا چاہا اور پھر فائرنگ کی، ایک گولی میرے پاؤں میں لگی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔