کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جس میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال، اورنگی ٹاؤن اور سپر ہائی وے پر فائرنگ اور چھریوں کے وار سے تین افراد کی زندگی کا چراغ گل کر دیا گیا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ اورنگی ٹاؤن اور گلشن اقبال میں پیش آنے والے واقعات کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قصبہ کالونی ڈھائی نمبرکے قریب نامعلوم افراد نے شہری پر اندھا دھن فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چھالیس سالہ شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت محمد زیب کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے 9 خول برآمد ہوئے ہیں، مسلح افراد نے شہری سے موبائل اور رقم کچھ بھی نہیں چھینا۔
علاوہ ازیں گلشن اقبال بلاک تیرا ڈی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے سیاسی جماعت کے کارکن پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایم کیو ایم پاکستان کے گلشن اقبال ٹاؤن کی یوسی 22 اے کے کمیٹی ممبر شاہد جاوید جاں بحق ہوئے۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹرسائیکل سوار مقتول پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول ماضی میں بھی ایک سیاسی جماعت کا عہدیدار تھا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول جائیداد کی خرید و فروخت (اسٹیٹ ایجنٹ) کے کام سے وابستہ تھا، 2موٹرسائیکلوں پرسوار 4ملزمان نے3گولیاں ماریں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول برآمد ہوئے ہیں۔
کراچی میں تیسرا واقعہ سپر ہائی وے پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے نوجوان ہاشم پر چھریوں کے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔