کراچی: شہر قائد میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، پولیس نے دولھا سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی ہوا۔
پولیس نے کارروائی کر کے ہوائی فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے لیے استعمال ہونے والا پستول ملزم عالم زیب کا تھا، جسے حارث نے شہباز کی شادی میں استعمال کیا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم حارث نے ہوائی فائرنگ کی جس سے ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی ہوا، جاں بحق شخص کی شناخت ابوبکر اور زخمی کی معاویہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت حارث، شہباز اور عالم زیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔