کراچی: نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ عبدالقیوم کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر 2 گولیاں لگی ہے جبکہ سینے پر لگنے والی گولی وجہ موت بنی، مقتول کے پاس موبائل فون اور نقدی بھی موجود ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کاواقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد جمع کئے جا رہے ہیں،اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی میں مسلح افراد نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسر علی رضا کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کریم آباد کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے افسر علی رضا کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔
کراچی میں سی ٹی ڈی افسر علی رضا قاتلانہ حملے میں شہید
علی رضا ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن تعینات تھے اور کراچی آپریشن کے اہم افسر تھے۔ وہ شہید پولیس افسر چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی بھی تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہید علی رضا پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔