کراچی کے علاقے گارڈن سے لاپتا ہونے والے بچوں عالیان اور علی رضا کے کیس میں نیا موڑ آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں 9 روز قبل دو بچے علی رضا اور عالیان لاپتا ہوئے جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار مرد اور خاتون کو بچوں کو لے جاتے دیکھا گیا لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار شخص کے وہ اپنے بچے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے بچوں کو والدین شناخت نہیں کرپارہے، موٹر سائیکل نمبر کو بھی ٹریس کرنے کی کوشش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی تلاش میں گارڈن پولیس اور ریسکیو اداروں کا مشترکہ آپریشن بھی جاری ہے، ندی نالوں، پانی کے ٹینک اور مختلف مقامات کی تلاشی لی جارہی ہے۔
ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے،لیاری ندی اور اطراف کی آبادیوں میں آپریشن جاری ہے، بچوں کی تلاش کے لیے ٹیکنیکل مدد بھی جاری ہے، جن بچوں پر سی سی ٹی وی میں شک ظاہر کیا گیا ان کو ٹریس کیا گیا گھر والوں کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی والے ہمارے بچے نہیں ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ 50 کے قریب سی سی ٹی وی فوٹیج قریبی علاقوں سے جمع کی ہیں، پولیس کو جیسے ہی کیس رپورٹ ہوا اس پر کام شروع کردیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی اسکیننگ کی جارہی ہے،عینی شاہدین کے بھی انٹرویوز کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔