کراچی کے علاقے لیاری 8 چوک کے قریب دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیاری کے علاقے 8 چوک کے قریب نامعلوم ملزمان پلاٹ میں گرینیڈ پھینک کر فرار ہوئے، بظاہر ایک شخص ٹارگٹ لگ رہا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پلاٹ کے تنازع سمیت تمام محرکات پر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز جائے وقوعہ پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بی ڈی ایس کو طلب کیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی نے کہا کہ دھماکا زیر تعمیر عمارت کے اندر ہوا، زخمی شخص مزدور ہے جسے سول استپال سے گھر بھیج دیا گیا ہے، زخمی مزدور کا بیان لیا جائے گا تو صورت حال مزید واضح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کو کوئی بھتے کی پرچی یا کال موصول نہیں ہوئی۔
عارف عزیز نے کہا کہ بم ڈسپوزل ٹیم متاثرہ مقام کا جائزہ لے رہی ہے، بلڈرز یہاں کافی عرصے سے کام کررہے ہیں، اس کے لوگوں سے تنازعات بھی ہیں۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کے مزید محرکات کاجائزہ اور سی سی ٹی وی چیک کی جارہی ہے۔