کراچی : کراچی میں نیگلیریا وائرس الرٹ جاری کر دیا گیا ، ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی کا کہنا ہے کہ سوئمنگ پول میں نہانےسےگریز کیا جائے اور نہانےکیلئے پانی کو گرم کرکے استعمال کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں نیگلیریا وائرس الرٹ جاری کر دیا، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار نہ ہونے پر نیگلیریا شہریوں کومتاثرکرسکتا ہے۔
ڈائریکٹرہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹربیربل کا کہنا ہے کہ سوئمنگ پول ، جوہڑ اور تالابوں میں نہانے سے گریزکیا جائے، ایک ہزار لیٹرپانی میں ایک چمچہ کلورین شامل کی جائے۔
ڈاکٹربیربل نے کہا کہ بچےبارش سےجمع پانی میں نہانےسےگریزکریں اور نہانےکیلئےپانی کو گرم کرکے استعمال کیا جائے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں رواں سال نگلیریا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چالیس سالہ پرویز نجی اسپتال میں چل بسا تھا جبکہ محکمہ صحت نے نگلیریا سے ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی۔
گزشتہ سال کراچی میں نیگلیریاکےباعث6ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
نگلیریا کیا ہے؟
نگلیریا ایک ایسا امیبا ہے، جو اگر ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوجائے تو دماغ کو پوری طرح چاٹ جاتا ہے، جس سے انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ نگلیریا سوئمنگ پول، تالاب چھت اور زیر زمین پانی کی ٹینکیوں میں پیدا ہوتا ہے۔
شدید گرمی نگلیریا کی افزائش کا سبب بنتی ہے، نگلیریا سے بچنے کیلئے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار ضروری ہے۔