کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارش اور ہوائوں کے باعث برنس روڈ پر واقع قدیمی عمارت کی دوسری منزل کا حصہ گرگیا۔
حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا، خستہ حال عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا تھا، برنس روڈ پر واقع عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑی ہوئی ہیں، عمارت کی صورتحال خطرناک ہے اور یہ کسی وقت بھی گر سکتی ہے۔
برنس روڈ پر مخدوش عمارت کا ایک حصہ گرنے کے معاملے پر ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا ہے کہ برنس روڈ پر قائم مخدوش عمارت خالی تھی.
ایس بی سی اے نے بارشوں کی پیشگوئی پر پہلے ہی عمارت پر نوٹس چسپاں کررکھا تھا ایس بی سی اے کی ڈینجسر ٹیم مخدوش عمارت توڑنے کی حکمت عملی بنارہی ہے، ایس بی سی عملے نے ضلعی انتظامیہ کو بھی طلب کرلیا ہے.
ڈی جی ایس بی سی اے عبدالرشید نے کہا کہ ضلع ساؤتھ میں115 انتہائی مخدوش عمارتوں کی نگرانی جاری ہے، بارش کی پیشگوئی پر ایس بی سی اے میں رین ایمرجنسی نافذ ہے.
دریں اثنا کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں، شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اولڈ ایئرپورٹ میں 31 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، یونیورسٹی روڈ پر 19.8 ملی میٹربارش ہوئی۔
فیصل بیس میں 16 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 15 ملی میٹر، گلشن حدید میں 12 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 8.6 ملی میٹر، گلشن معمار میں 7.4 ملی میٹر جبکہ کیماڑی میں 6.5 ملی میٹر بارش برسی۔
اس کے علاوہ کورنگی میں 4 ملی میٹر، ملیر میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے کم بارش ابراہیم حیدری اور ماڑی پورمیں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔