کراچی میں شدید گرمی کی لہر اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے لگا ہے جس کی وجہ سے شہری پریشان ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 9 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کے-الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں دورانیہ 3 گھنٹے مزید اضافہ کر دیا ہے۔
لائینز ایریا، لیاقت آباد، اتحاد ٹاون، میانوالی کالونی، قصبہ، بلدیہ، تیسر ٹاون، منگھو پیر، سرجانی ٹاون، ملیر سٹی رفیع گارڈن، ابو الصفہانی روڈ، گلزار ہجری، اسکیم 33، کورنگی، لانڈھی، پہلوان گوٹھ، شاہ فیصل کالونی، ملیر میمن گوٹھ، ملت ٹاؤن، کالا بورڈ اور سعود آباد سمیت دیگر علاقے لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں۔
کے-الیکٹرک کو مجموعی طور پر 300 سے 400 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ کے-الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹ نمبر 3 ایک سال تاخیر کے بعد بھی غیر فعال ہے۔
کے-الیکٹرک نے بجلی سے مستثنیٰ علاقوں میں شٹ ڈاون کے حوالے سے لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کے-الیکٹرک نے 950 میگا واٹ سسٹم میں شامل کرنے کا دعویٰ کیا لیکن تاحال بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی گئی۔ کے-الیکٹرک کا نجی شعبے میں آنے کے 12 سال بعد بھی کراچی میں گرمیوں میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔