کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آج صبح سے ہی شہر میں حبس محسوس کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ہر گزرتا دن کراچی میں گرمی کی شدت کو بڑھا رہا ہے۔ آج بھی موسم گرم ہے اور شہر میں صبح سے ہی حبس محسوس کیا جا رہا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے تاہم دوپہر کے وقت اس میں مزید اضافے اور درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرم موسم کی شدت 12 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے ، جس کے بعد مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے، جس سے شہر میں 12 مارچ کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب شہر کی فضا میں آلودگی بھی برقرار ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی ہوا میں آلودہ ذرات کی تعداد 112 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔