جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

کراچی: کیش وین سے 20 کروڑ کی چوری کا واقعہ، ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پولیس نے میٹھادر میں کیش وین سے بیس کروڑ پچاس لاکھ روپے لیکر فرار ہونے والے دو ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لے کر فرار ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو عدالت میں پیش کیا ہے، تفتیشی افسر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نعمت علی اور اسد علی کے خلاف مرکزی ملزمان کی سہولت کاری کا الزام ہے۔

- Advertisement -

تفتیشی افسر نے بتایا کہ رقم منتقلی میں استعمال ہونے والی گاڑی گرفتار سہولت کاروں نے دی تھی، پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے درخواست کی کہ تفتیش اور مفروروں کی تلاش کےلیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

یاد رہے کہ میٹھادر میں وین سے رقم چوری کی واردات 9 اگست کی صبح ہوئی تھی، پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کی وین طارق روڈ سے بینک کی رقم منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوئی، تو آئی آئی چندریگر روڈ پہنچنے کے بعد گارڈز کچھ رقم لے کر نیچے اترے، اور اسی دوران وین ڈرائیور حسین شاہ گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔

گزشتہ ہفتے تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ وین ڈرائیور کا پولیس تصدیقی سرٹیفکیٹ جعلی نکلا، اس پر تھانے دار کے دستخط جعلی تھے، گلستان جوہر تھانے کے افسر نے ایس ایچ او کی جگہ دستخط کر کے ملزم کو سرٹیفکیٹ دیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق اس واردات میں ملوث تمام افراد کی نشان دہی ہوچکی ہے، ملزم نے اپنے دو موبائل فون مائی کلاچی روڈ پر پھینک دیے تھے، جو پولیس تحویل میں لیے جا چکے ہیں، ان میں سے ایک موبائل فون سیکیورٹی کمپنی نے دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں