اشتہار

کراچی میں آج بروز پیر شدید ترین گرمی متوقع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان "بائیپر جوائے” کے زیر اثر کراچی میں سمندری ہوائیں منقطع ہوچکی ہیں جس کے سبب کراچی میں کل شدید ترین گرمی متوقع ہے۔

اس حوالے سے موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج رواں سال کا گرم ترین دن ثابت ہوسکتا ہے، کراچی میں دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ دوپہر کے شروع کے اوقات میں مشرق کی سمت سے شدید گرم لو چل سکتی ہے، بعد ازاں نمی میں اضافہ متوقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ بائپر جوائے ایکسٹریملی سیویر سائیکلونک اسٹارم بن چکا ہے، اس میں مزید شدت آگئی ہے، طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، سسٹم کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 30 سے40 فٹ بلند ہو رہی ہیں۔

- Advertisement -

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے، جنوب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور سائیکلون کے قریب آنے پر گرمی مزید بڑھ سکتی ہے، پیر کو درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

اس صورتحال میں شدید گرمی کی کیفیت ہوسکتی ہے، لہٰذا عوام الناس سے درخواست ہے کہ زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں اور بلاضرورت دھوپ میں جانے سے گریز کریں اور اگر جانا ضروری ہے تو سر پر گیلا رومال یا تولیہ لازمی رکھیں اور بزرگوں بچوں کا خاص خیال رکھیں۔

کراچی میں کل رات کے اوقات میں بھی شدید حبس کی کیفیت رہے گی اور گرمی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں