کراچی : گیس مہنگی اور اس کے باوجود قلت سے صنعتی صارفین سراپا احتجاج ہیں، صنعتکاروں نے احتجاجاً آج کراچی کی تمام صنعتیں بند کردیں۔
تفصیلات کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف صنعتکار سراپا احتجاج ہے ، صنعتوں کا پہیہ رکنے کے قریب ہے۔
صنعتکاروں نے گیس ٹیرف میں بے پناہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے آج احتجاجاً کراچی کی تمام صنعتیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے
کراچی میں تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کی جانب ایک روزہ ہڑتال کر کے شہر کی تمام صنعتی علاقوں کی انڈسٹری میں پیداواری سرگرمیاں روک دی گئی۔
کراچی کی تمام چھوٹی بڑی صنعتیں بند ہیں، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور بجلی کے اضافی استعمال کے نرخوں میں کمی کا وعدہ پورا نہ کرنے پر آج ہڑتال رہے گی۔
صنعتکاروں نے کہا کہ گیس کی بندش کی وجہ سے فیکٹریوں میں ڈائون سائزنگ شروع ہوگئی ہے جبکہ فیکٹریز مالکان ایکسپورٹ کے نئے آرڈرز حاصل نہیں کررہے ہیں کیونکہ موجودہ گیس ٹیرف پر صنعتیں چلانا اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت ناممکن ہوگیا ہے۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ مرکزی احتجاج سائٹ ایسوسی ایشن میں کیا جائےگا، ایک دن کی ہڑتال کریں گے پھر اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے ، نوری آباد، لسبیلہ بلوچستان کی صنعتیں بند ہوں گی۔
صنعتکاروں نے گیس کے نرخ دو ہزار ایک سو سے دو ہزار چھے سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے بجائے واپس ایک ہزار تین سو روپے تک لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
صنعتوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ مہنگی گیس ادا نہیں کرسکتے، گیس کی قیمت میں حالیہ اضافہ آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کی شرط کے مطابق پہلے جائزے سے قبل نافذالعمل ہوگیا تھا۔