کراچی : انٹر سال اول کے نتائج کی تحقیقاتی رپورٹ نے فیل ہونے والے طلبا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جس میں کہا ہے کہ کاپیوں میں درست مارکنگ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ کے تحت 11 ویں جماعت کے نتائج کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی۔
کمیٹی ذرائع نے بتایا کہ طلبا کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوئی درست مارکنگ کی گئی ہے اور کسی بھی طالبعلم کی کاپی میں کوئی غلط مارکنگ نہیں ملی۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی جانب سے مارکنگ میں سختی بھی نہیں کی گئی، رپورٹ چیئرمین انٹر بورڈ کے حوالے کی جائے گی۔.
ذرائع نے کہا کہ گورنمنٹ کالج جوہر کے پرنسپل نعیم خالد کمیٹی کے سربراہ تھے، 21 رکنی نتائج تحقیقاتی کمیٹی نے تقریباً 250 کاپیاں چیک کیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبا کے نمبر کیوں کم آئے؟ قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کے اہم انکشافات
یاد رہے کراچی میں انٹرسال اول کے نتائج متنازع ہوگئے تھے ، نتائج میں کامیابی کاتناسب پری میڈیکل میں تینتس فیصد جب کہ پری انجینئرنگ میں انتیس فیصد رہا۔
انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبہ نےانٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا اور نتائج پرنظرثانی کا مطالبہ کیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ میٹرک میں پچیاسی فیصد سے زائد نمبر لینےوالوں کو پچاس فیصد سےبھی کم نمبرز دیےگئے جبکہ کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے۔
طلبہ کے احتجاج پرسندھ حکومت حرکت میں آئی اور چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹا کر اضافی چارج چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو دے دیا گیا اور ساتھ ہی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی تھی۔