کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اجتماعی زیادتی کیس کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق گینگ ریپ کا واقعہ 30 جون اور یکم جولائی کی درمیانی شب پیش آیا تھا، متاثرہ لڑکی کو ملزم فیضان زبردستی موٹرسائیکل پربٹھا کر ڈیرے پر لےگیا جہاں پہلے سے موجود دیگر ساتھیوں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے ہمت کیساتھ وہاں سے بھاگ کر رات کو ماموں کے گھر پناہ لی اور پھر متاثرہ لڑکی نے بعدازاں پولیس کو مکمل صورتحال سے آگاہ کیا۔
پولیس افسر کے مطابق متاثرہ لڑکی کا فوری طور پر سول اسپتال کراچی سے میڈیکل کرایا گیا جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
افسر کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان بستی میں گھر سے لڑکی کی لاش ملنے کے واقعے میں پیش رفت ہوئی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن اعظم جمالی نے بتایا کہ خاتون کے قتل میں اس کا والد اور شوہر ملوث نکلے تاہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اعظم جمالی کا کہنا تھا کہ ملزمان میں متوفیہ کا شوہر نور محمد اور اس کا والد یاسین شامل ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون شوہرکی مارپیٹ سے تنگ آکر طلاق لینا چاہتی تھی، ارم بی بی نے شوہر کیساتھ رہنے سے انکار کیا جس پر اسے قتل کیا گیا۔