کراچی: عدالت نے ڈیفنس کے بنگلے میں جج کے بیٹے علی کیریو کے قتل کیس میں ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں قتل کیس کی سماعت ہوئی اور پولیس نے گرفتار ملزم دانیال کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ گولی جان بوجھ کر نہیں اتفاقیہ چلی۔
درخشاں تھانے میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج مقدمے کے مطابق قاسم، احمر اورعلی کیریو دانیال کے بنگلے پر موجود تھے، دانیال نے تلخ کلامی کے بعد علی کیریو کو گولی مار کر زخمی کیا۔
متن کے مطابق زخمی کو دانیال اور اس کا بھائی کلفٹن کے اسپتال بھی لے گئے، علی کیریو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔