کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے لاپتہ ہونے والے دو بچوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، موٹر سائیکل سوار جوڑا ان بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار خاتون اور مرد دو بچوں کو ساتھ لے کر جارہے ہیں،
پولیس اہلکاروں کے مطابق اغواء کیے جانے والے کمسن بچوں 5سال کا عالیان اور 6 سال کا علی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچے ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں، بچوں کو مختلف مقامات پر ڈھونڈنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے اغوا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجوپولیس بازیاب نہیں کرواسکی ہے۔
گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی سے رابطہ کیا تھا، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا تھا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔
کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں اور بچے کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آگیا لیکن صارم نہ آیا۔