پاکستان سپر لیگ 10 کے سنسنی خیز مقابلے میں عرفان خان کی دلیرانہ بیٹنگ کے سبب کراچی کنگز نے لاہور کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ایک اور سنسنی خیز میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، کراچی کنگز نے 168 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کیا، عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے سعد بیگ نے 25، ٹم سائفرٹ اور ڈیوڈ وارنر نے بھی 24، 24 رنز بناکر اپنا حصہ ڈالا، عرفان خان کو ان کی شاندار اننگز پر میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔
لاہور کی طرف سے حارث رؤف نے2 وکٹیں حاصل کیں، ڈیرل مچل، آصف آفریدی اور رشاد حسین نے کراچی کنگز کے 1،1 بیٹر کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 160 رنز بنائے، تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کراچی کو جیت کےلیے 168 رنز کا ہدف ملا۔
بارش کی وجہ سے میچ 15 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا، لاہور قلندرز کی ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، محمد نعیم نے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فخر زمان بھی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، میرحمزہ، عامرجمال اور حسن علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا میچ بارش کی وجہ سے بیچ میں روکنا پڑا تھا، اس وقت لاہورقلندرز کا اسکور 7.5 اوورز ایک وکٹ پر 90 رنز تھا۔
تاہم بارش کے بعد کراچی کنگز کے بولرز نے عمدہ کم بیک کرتے ہوئے لاہور کے بیٹرز کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا، سوائے ٹاپ تھری بیٹرز کے لاہور کا کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
دریں اثنا پی ایس ایل 10 کے چوبیسویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ فاسٹ بولر حسن علی اور بیٹر سعد بیگ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، کوشش کریں گے کہ لاہور قلندرز کو 160 سے 170 رنز تک محدود رکھیں۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ لاہور میں تیسرا میچ کھیل رہے ہیں، کنڈیشن سمجھ گئے ہیں، عمیر بن یوسف اور فواد علی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم پہلے بیٹنگ ہی کرتے، کوشش کریں گے 170 سے 180 رنز بنائیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے دوسری اننگز میں بیٹنگ مشکل ہوگی، اسپنرز کو مدد ملے گی، اس لیے رشاد حسین کو ٹیم کا حصہ بنایا۔